سردار یوسف نے بابا حیدر زمان کی تحریک کی پیٹھ میں چھرا گھونپا، قائدین تحریک صوبہ ہزارہ
آئندہ الیکشن اپنے انتخابی نشان "ٹرک" پر لڑنے کا اعلان،جعلی بلز اور دکھلاوے کی قراردادوں سے صوبے نہیں بنتے، ن لیگی وزراء ڈیل کے بجائے اسمبلی میں کام کریں، پریس کانفرنس
اسلام آباد : تحریک صوبہ ہزارہ (پاکستان رجسٹرڈ) کے مرکزی قائدین چیئرمین سردار گوہر زمان، صدر سلطان العارفین جدون اور سینئر نائب صدر سردار یاسر کڑلال نے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ان کی جماعت آئندہ عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان “ٹرک” کے ساتھ میدان میں اترے گی۔
پریس کانفرنس کے دوران قائدین نے مسلم لیگ (ن) کے وفاقی وزیر سردار یوسف اور مرتضیٰ جاوید عباسی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔ تحریک صوبہ ہزارا کے صدر سلطان العارفین جدون اور سینیئر نائب صدر سردار یاسر کڑلال نے کہا کہ مرحوم بابا سردار حیدر زمان کی اصل تحریک کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر میاں محمد نواز شریف کی ایما پر ایک نام نہاد اور ڈمی تنظیم بنائی گئی۔
انھوں کہاکہ اس تنظیم کا مقصد ہزارہ وال عوام کو گمراہ کرنا، ذاتی مفادات کا حصول، اور وزارتوں کی بھاگ دوڑ تک محدود رہا ہے۔ سردار یوسف مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر الیکشن لڑتے ہیں اور وزارتیں بھی اسی پارٹی کی لیتے ہیں، لیکن خود کو الگ پارٹی کا چیئرمین ظاہر کرتے ہیں۔
انھوں نے کہاکہ اگر سردار یوسف واقعی صوبہ ہزارہ کے قیام کے لیے مخلص ہیں، تو اپنی پارٹی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ کروائیں اور اس کے ٹکٹ پر الیکشن لڑیں، ہم انہیں اپنا رہنما مان لیں گے۔ لیکن وہ اپنی مرکزی قیادت کی ناراضگی کے خوف سے ایسا کبھی نہیں کریں گے۔
تحریک کے قائدین نے کہا کہ محض ششماہی یا سالانہ پریس کانفرنسز اور دکھلاوے کی بے ، قراردادوں سے صوبے نہیں بنتے۔ وفاقی وزرا کو چاہیے کہ وہ عوام کو بیوقوف بنانے کے بجائے اسمبلی کے اندر صوبہ ہزارہ کے لیے عملی کام کر کے دکھائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہزارہ صوبے کے نام پر ہمیشہ اپنی اور اپنے خاندان کی وزارتوں کی ڈیل کی گئی۔
قائدین نے کہاکہ تحریک صوبہ ہزارہ کے قائدین نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بیان کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر نئے یونٹس بنانے کی بھرپور حمایت کی۔
قائدین نے عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں صوبہ ہزارہ کی جدوجہد کو مزید تیز کیا جائے گا اور تحریک صوبہ ہزارہ (پاکستان رجسٹرڈ) اپنے انتخابی نشان “ٹرک” پر اپنے امیدواروں کو الیکشن میں اتارے گی۔