میجر طفیل شہید کے 68 ویں یوم شہادت پر عسکری قیادت کا خراج عقیدت

ان کی بہادری اور حبِ وطن کی میراث نسل در نسل متاثر کرتی آئی ہے

August 8, 2026 · امت خاص

 

میجر طفیل محمد شہید، نشانِ حیدر کا 68 واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملکی عسکری قیادت نے مسلح افواج کی طرف سے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق عسکری سربراہان نے کہا ہے کہ میجر طفیل محمد شہید نے دشمن کے خلاف جرات مندانہ حملے کی قیادت کرتے ہوئے غیر معمولی بہادری اور غیر متزلزل عزم کا مظاہرہ کیا۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود وہ ناقابلِ تسخیر ہمت اور پختہ عزم کے ساتھ لڑتے رہے اور اپنے مشن کو کامیابی سے مکمل کرایا۔ ان کی نمایاں بہادری اور اعلیٰ قربانی نے انہیں نشانِ حیدر سے سرفراز کیا، جو قوم کا سب سے اعلیٰ فوجی اعزاز اور بہادری کی انتہائی علامت ہے۔

اس پُر وقار موقع پر پاکستان کے عوام اور مسلح افواج میجر طفیل محمد شہید اور تمام شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر دیں۔ ان کی بہادری اور حبِ وطن کی میراث نسل در نسل متاثر کرتی آئی ہے اور قوم کے تمام محافظوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔