میر رضا کی قبر کشائی شروع، ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے لینے کا فیصلہ

قبر کشائی مکمل ہونے کے بعد میر رضا علی کی میت کو باہر نکالا جائے گا۔ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں جسم سے مختلف ضروری نمونے حاصل کیے جائیں گے

August 8, 2026 · قومی

کراچی میں جاں بحق ہونے والے میر رضا علی کی قبر کشائی کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ قبر کو کھولنے کے لیے مزدوروں کی مدد سے پکی قبر کو توڑا جا رہا ہے، جبکہ متعلقہ حکام اور طبی ماہرین بھی موقع پر موجود ہیں۔

قبر کشائی مکمل ہونے کے بعد میر رضا علی کی میت کو باہر نکالا جائے گا۔ میڈیکل بورڈ کی نگرانی میں جسم سے مختلف ضروری نمونے حاصل کیے جائیں گے، جن میں ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی شامل ہوں گے۔

حکام کے مطابق حاصل کیے جانے والے نمونے فارنزک جانچ کے لیے متعلقہ لیبارٹری بھجوائے جائیں گے تاکہ تحقیقات میں مدد مل سکے۔

قبر کشائی کے موقع پر میر رضا کے والد میر حسین بھی موجود ہیں۔ جوڈیشل مجسٹریٹ، پولیس سرجن اور میڈیکل بورڈ کے ارکان بھی کارروائی کا جائزہ لے رہے ہیں، جبکہ میر رضا کی والدہ قبرستان کے باہر موجود ہیں۔

ذرائع کے مطابق میر رضا کے والد اور والدہ کے ڈی این اے نمونے بھی حاصل کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ میر رضا کی بہن کے نمونے بھی ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے لیے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ میر رضا اور ان کے اہل خانہ کے ڈی این اے نمونوں کا فرانزک تجزیہ تحقیقات میں شناخت اور دیگر اہم شواہد کی تصدیق میں مدد دے سکتا ہے۔