نجکاری ہوتے ہی پی آئی اے ملازمین کیلئے بونس کا اعلان
بونس کا مقصد ملازمین کی محنت اور خدمات کو سراہنا اور انہیں ایئرلائن کی بہتری کیلئے مزید متحرک کرنا ہے۔
راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے اپنے ملازمین کیلئے کارکردگی کی بنیاد پر بونس دینے کی منظوری دے دی۔
پی آئی اے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے 102ویں اجلاس میں ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ کے برابر پرفارمنس بونس دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ نجی انتظام میں منتقلی کے بعد یہ نئے بورڈ کا پہلا اجلاس بھی تھا۔
انتظامیہ کے مطابق بونس کا مقصد ملازمین کی محنت اور خدمات کو سراہنا اور انہیں ایئرلائن کی بہتری کیلئے مزید متحرک کرنا ہے۔
پی آئی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملازمین ادارے کی بحالی اور مستقبل کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہے ہیں۔ بونس کے ذریعے افرادی قوت کو آپریشنز میں بہتری، نئے روٹس کی بحالی اور مسافروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
نئے بورڈ نے ادارے میں بہتر کارکردگی، جوابدہی اور تجارتی بنیادوں پر ترقی کو ترجیح دینے کا عزم بھی ظاہر کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق موجودہ اقدامات کا مقصد پی آئی اے کو زیادہ مؤثر، قابل اعتماد اور مسافروں کیلئے بہتر قومی فضائی ادارہ بنانا ہے۔