پاک سعودی ترک دفاعی معاہدہ،کراچی کی عمارتیں بھی پرچموں سے جگمگا اٹھیں
خوبصورت برقی قمقموں سے سجی عمارت نے شہریوں کی توجہ حاصل کی اور شہر کے منظر کو مزید دلکش بنا دیا۔
کراچی: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان مکہ مکرمہ میں ہونے والے دفاعی معاہدے پر اظہارِ مسرت کے لیے کراچی کی اہم سرکاری اور تاریخی عمارتوں کو تینوں برادر اسلامی ممالک کے قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے سجا دیا گیا۔
شہر کی متعدد نمایاں عمارتیں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی رنگوں میں روشن نظر آئیں۔ سندھ اسمبلی کی عمارت پر تینوں ممالک کے پرچم نمایاں کیے گئے، جبکہ سندھ سیکریٹریٹ کو بھی خصوصی لائٹنگ کے ذریعے خوبصورت انداز میں سجایا گیا۔
کراچی کے تاریخی مقام فریئر ہال کو بھی پاک سعودی ترک دفاعی تعاون کی مناسبت سے مختلف رنگوں کی روشنیوں سے روشن کیا گیا۔ خوبصورت برقی قمقموں سے سجی عمارت نے شہریوں کی توجہ حاصل کی اور شہر کے منظر کو مزید دلکش بنا دیا۔
میونسپل ایڈمنسٹریشن حاصل پور کی طرف سے تاریخی دفاعی معاہدے کے بعد حاصل پور کے اہم مقامات اور بلند عمارتوں کو سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے پرچموں سے روشن کیا گیا۔ یہ خوبصورت منظر تینوں ممالک کے درمیان اتحاد، دوستی اور مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔ 🇸🇦🇵🇰🇹🇷❤️ pic.twitter.com/cAcxokcMAl
— Malik Nadeem Haider (@M_N_Haider) August 8, 2026
اس کے علاوہ کراچی کی اہم شاہراہوں اور دیگر نمایاں مقامات پر بھی پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے قومی پرچم آویزاں کیے گئے، جس سے شہر میں تینوں ممالک کے درمیان دوستی اور یکجہتی کا اظہار نمایاں ہوا۔
حکام کے مطابق عمارتوں کو قومی پرچموں اور خصوصی روشنیوں سے سجانے کا مقصد پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان برادرانہ تعلقات، باہمی تعاون اور یکجہتی کو اجاگر کرنا ہے۔
دفاعی معاہدے کے بعد کراچی میں ہونے والی یہ سجاوٹ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات اور تعاون کے حوالے سے عوامی سطح پر خوشی کے اظہار کے طور پر دیکھی جا رہی ہے۔