کراچی:میر رضا کے دوستوں کا احتجاج، شارع فیصل ٹریفک کیلئے بند
بھاری نفری نرسری کے مقام پر پہنچ گئی۔ پولیس نے صورتحال کو قابو میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی انتظامات کیے۔
کراچی: نوجوان میر رضا کی لاش ملنے کے واقعے پر اس کے دوستوں نے احتجاج کرتے ہوئے کراچی کی اہم شاہراہ شارع فیصل پر نرسری کے مقام پر دھرنا دے دیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
مظاہرین نے نرسری سے بلوچ کالونی کی جانب جانے والے ٹریک پر احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں مذکورہ راستہ عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند ہوگیا اور گاڑیوں کی آمد و رفت میں مشکلات پیش آئیں۔
دھرنے میں شریک نوجوان میر رضا کے حق میں نعرے لگاتے رہے اور واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے میر رضا کی موت کے معاملے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔
احتجاج کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری نرسری کے مقام پر پہنچ گئی۔ پولیس نے صورتحال کو قابو میں رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی انتظامات کیے۔
بعد ازاں مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا، جس کے بعد شارع فیصل کے دونوں ٹریک دوبارہ ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے اور گاڑیوں کی آمد و رفت بحال ہوگئی۔
پولیس اور متعلقہ ادارے میر رضا کی موت کے معاملے کی مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔