آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کا تیسرا مرحلہ کل ہوگا
انتخابی عمل کے دوران پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع کے چار حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار انتخابی حلقوں میں پولنگ کل 10 اگست کو ہوگی۔
انتخابی عمل کے دوران پونچھ ڈویژن کے دو اضلاع کے چار حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، جبکہ مختلف سیاسی جماعتوں اور آزاد امیدواروں سمیت مجموعی طور پر 82 امیدوار میدان میں ہیں۔
ضلع حویلی کے انتخابی حلقے میں سیاسی مقابلہ خاص طور پر اہم قرار دیا جا رہا ہے، جہاں وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، سابق ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید اور مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محسن عزیز کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
الیکشن حکام کے مطابق پولنگ سے متعلق انتخابی سامان، عملہ اور سکیورٹی اہلکار آج شام تک متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچا دیے جائیں گے۔ ضلع باغ کے تین جبکہ حویلی کے ایک انتخابی حلقے میں ووٹرز کل اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
ترجمان آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے مطابق باغ اور حویلی میں انتخابی مہم گزشتہ رات 12 بجے ختم ہوگئی ہے۔ مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں پر ہر قسم کی انتخابی سرگرمی کرنے کی پابندی عائد ہے۔
آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل نے بتایا ہے کہ سکیورٹی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے باغ اور حویلی کی چار نشستوں پر پہلے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ اور سدھنوتی کے حلقوں میں انتخابات کے لیے آئندہ سات روز کے دوران تاریخ کا اعلان کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے امیدواروں کو انتخابی مہم چلانے کے لیے مناسب وقت فراہم کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق تیسرے مرحلے کے دوران پولنگ کے لیے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ ووٹرز کو پرامن ماحول میں اپنا حقِ رائے دہی استعمال کرنے کی سہولت فراہم کی جاسکے۔