سندھ سے آنے والے ہندو جوڑے نے اسلام قبول کرلیا
جوڑے کے دیگر اہلِ خانہ فصلوں کی کٹائی اور دیگر امور مکمل ہونے کے بعد سندھ واپس چلے گئے، تاہم مذکورہ جوڑے نے پنڈی بھٹیاں میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا۔
پنڈی بھٹیاں: سندھ سے دھان کی فصل کی کاشت کے سلسلے میں پنڈی بھٹیاں آنے والے ہندو جوڑے نے اسلامی تعلیمات اور مقامی مسلمانوں کے حسنِ اخلاق سے متاثر ہو کر اسلام قبول کرلیا۔
ذرائع کے مطابق جوڑے کے دیگر اہلِ خانہ فصلوں کی کٹائی اور دیگر امور مکمل ہونے کے بعد سندھ واپس چلے گئے، تاہم مذکورہ جوڑے نے پنڈی بھٹیاں میں قیام کرنے کا فیصلہ کیا۔
اسلام قبول کرنے کے بعد مقامی افراد کی موجودگی میں جوڑے کا اسلامی طریقے کے مطابق نکاح بھی پڑھایا گیا، جبکہ انہیں نئے اسلامی نام بھی دیے گئے۔
اہلِ علاقہ نے نومسلم جوڑے کو مبارکباد دیتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ انہیں نئی زندگی شروع کرنے کے لیے ہر ممکن تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
مقامی افراد کی جانب سے جوڑے کے لیے رہائش کا انتظام کرنے اور مستقبل میں گھر تعمیر کرنے میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔
اس موقع پر اہلِ علاقہ نے نومسلم جوڑے کی اسلام پر ثابت قدمی، خوشحال زندگی اور مستقبل میں آسانیوں کے لیے خصوصی دعا بھی کی۔