میر رضا کیس میں تفتیشی ٹیم تبدیل،ڈی آئی جی کرائم برانچ خود تحقیقات کرینگے

ئی ٹیم کیس کے مختلف پہلوؤں کی ازسرنو جانچ کرے گی اور تحقیقات کو دستیاب شواہد کی روشنی میں آگے بڑھایا جائے گا۔

August 9, 2026 · قومی

کراچی: میر رضا کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سندھ پولیس نے کیس کی تحقیقات کے لیے نئی چار رکنی تفتیشی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو کے مطابق ڈی آئی جی کرائم برانچ عامر فاروقی نئی تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی کریں گے۔ ٹیم میں ایس ایس پی سی ٹی ڈی عرفان بہادر، ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی قیس خان اور ایس پی انویسٹی گیشن سینٹر انعم صاحبہ بھی شامل ہیں۔

آئی جی سندھ نے بتایا کہ ابتدائی میڈیکل رپورٹ سامنے آنے کے بعد سابقہ تفتیشی ٹیم کو تحقیقات سے ہٹا دیا گیا ہے اور کیس کی مزید تفتیش نئی ٹیم کے سپرد کردی گئی ہے۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا ہے کہ میر رضا کیس کی تحقیقات شفاف اور میرٹ پر کی جائیں گی جبکہ تمام شواہد اور دستیاب معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ نئی تحقیقاتی ٹیم کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جلد جاری کردیا جائے گا۔

پولیس حکام کے مطابق نئی ٹیم کیس کے مختلف پہلوؤں کی ازسرنو جانچ کرے گی اور تحقیقات کو دستیاب شواہد کی روشنی میں آگے بڑھایا جائے گا۔