راولپنڈی: 4 سالہ حریم کی پراسرار گمشدگی، ریسکیو آپریشن ختم، اہلخانہ کا 5 لاکھ انعام کا اعلان

تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج، ریسکیو 1122 کا 3 روز بعد آپریشن ختم کر دیا، والد کا نالے میں گرنے اور والدہ کا اغوا کا خدشہ

August 9, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی : قانون نافذ کرنے والے اداروں اور ریسکیو ٹیموں کی مبینہ نااہلی و ناکامی کے باعث سوان نالے/برساتی نالے میں گرنے والی کمسن حریم کا چار دن بعد بھی کوئی سراغ نہ مل سکا۔

ریسکیو 1122 نے تین روز تک جاری رہنے والا تلاش کا آپریشن بغیر کسی کامیابی کے ختم کر دیا ہے، جس کے بعد شدید پریشان حال لواحقین نے بچی کی تلاش کے لیے سوشل میڈیا پر اشتہار جاری کرتے ہوئے اطلاع دینے والے کے لیے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق، جمعرات کے روز شدید بارش کے دوران حریم نالے میں گر کر لاپتہ ہو گئی تھی، جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 1122 اور 15 پر دی گئی۔

واقعے کی ایف آئی آر تھانہ وارث خان میں درج کروا دی گئی ہے۔ بچی کے والد کے بیان کے مطابق حریم بارش کے دوران حادثاتی طور پر نالے میں جا گری تھی، جس کے بعد ریسکیو ٹیموں نے مسلسل تین دن تک نالے کے مختلف حصوں میں تلاش کا عمل جاری رکھا تاہم بچی کا کچھ پتا نہ چل سکا۔

دوسری جانب، معاملے میں اس وقت نیا موڑ آیا جب حریم کی والدہ نے بچی کے نالے میں گرنے کی تردید کرتے ہوئے اس کے اغوا کیے جانے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔ پراسرار گمشدگی کے چار دن گزر جانے کے باوجود بچی کی عدم بازیابی پر لواحقین شدید اضطراب کا شکار ہیں اور انہوں نے عوام سے مدد کی اپیل کرتے ہوئے صحیح اطلاع فراہم کرنے والے شخص کے لیے 5 لاکھ روپے نقد انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔