کراچی میں قادر پٹیل کے دفتر پر مسلح افراد کی فائرنگ
واقعے کے بعد علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرکے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں سابق وفاقی وزیر اور رکن قومی اسمبلی قادر پٹیل کے مرکزی دفتر کو مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
پولیس کے مطابق حملہ آور ایک گاڑی میں سوار تھے اور انہوں نے دفتر کے مرکزی دروازے پر متعدد گولیاں چلائیں، تاہم واقعے میں کسی شخص کے زخمی یا جاں بحق ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے پانچ خول تحویل میں لے لیے ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں موجود سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کرکے حملہ آوروں کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔