27 ستمبر احتجاج، کشتیاں جلا کر نکلیں گے: سہیل آفریدی
احتجاج میں کم از کم 20 لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ پارٹی کی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ موجودہ صورتحال میں مزاحمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔
پشاور: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والے احتجاج کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا گیا ہے اور وہ خود اس کی قیادت کریں گے۔
ڈیجیٹل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے دعویٰ کیا کہ احتجاج میں کم از کم 20 لاکھ افراد شریک ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی کی قیادت اس بات پر متفق ہے کہ موجودہ صورتحال میں مزاحمت کے علاوہ کوئی راستہ نہیں بچا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس مرتبہ احتجاج میں کامیابی کے عزم کے ساتھ شرکت کی جائے گی۔ ان کے مطابق انہیں مذاکرات کی پیشکش کے بجائے دھمکیوں کا سامنا ہے۔
سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ احتجاج صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوگا اور مختلف مقامات پر سرگرمیاں ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بانی پی ٹی آئی کی صحت کے حوالے سے صورتحال سنگین ہوئی تو ہنگامی کال دی جاسکتی ہے، تاہم ایسی صورت میں بھی 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا اعلان برقرار رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر انہیں نااہل یا گرفتار کیا گیا تو پارٹی کا جھنڈا کوئی دوسرا رہنما سنبھالے گا۔ وزیراعلیٰ کے مطابق انہوں نے ایک ویڈیو بھی ریکارڈ کرائی ہے جس میں ممکنہ گرفتاری کی صورت میں پارٹی کے لیے ہدایات شامل ہیں۔
سہیل آفریدی نے مزید بتایا کہ پارٹی قیادت کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی بانی کے خلاف مقدمات کی میرٹ پر سماعت اور عدالتی عمل کے ذریعے رہائی ان کے اہم مطالبات میں شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کی بحالی بھی مطالبات کا حصہ ہے اور دونوں مطالبات تسلیم ہونے تک احتجاجی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔