سوات میں پولیس چیک پوسٹ پر حملہ ناکام،2 دہشتگرد زخمی
واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
سوات: سوات کے علاقے جاروگوآبشار میں پولیس نے چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا، جوابی کارروائی میں دو دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق گزشتہ رات 12 سے زائد مسلح افراد نے چاتکیل پولیس پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد حملہ آور فرار ہونے پر مجبور ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشتگرد زخمی ہوئے۔
پولیس حکام نے بتایا کہ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے اور فرار ہونے والے حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
ڈی پی او مشتاق احمد نے چاتکیل پولیس پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیاں پولیس کے عزم اور حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتیں۔
پولیس کے مطابق علاقے میں سرچ اور نگرانی کا عمل بھی جاری ہے۔