میر رضا کیس، تیزاب اور پسینے کے نشانات ملنے کا دعویٰ

پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ان کے ہاتھوں، پیروں اور شرٹ پر بھی تیزاب کے اثرات پائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے

August 10, 2026 · قومی

کراچی: نوجوان تاجر میر رضا کی ہلاکت کے مقدمے میں تفتیش کے دوران مزید اہم شواہد سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جسم سے لیے گئے نمونوں میں تیزاب کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں، جبکہ کپڑوں پر کسی دوسرے شخص کے پسینے کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میر رضا کے معدے سے تیزاب کی موجودگی کے شواہد ملے، جس کے نتیجے میں پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔ ان کے ہاتھوں، پیروں اور شرٹ پر بھی تیزاب کے اثرات پائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق میر رضا کی شرٹ پر تیزاب کے ساتھ کسی دوسرے شخص کے پسینے کے نشانات بھی ملے ہیں۔ ان شواہد کی فرانزک جانچ کے ذریعے مزید چھان بین کی جارہی ہے تاکہ واقعے کے حقائق اور ذمہ داروں کا تعین کیا جاسکے۔

ذرائع کے مطابق جائے وقوع کے قریب موجود ایک گیسٹ ہاؤس کو پولیس نے مشکوک قرار دیتے ہوئے بند کردیا ہے اور وہاں تالے لگا دیے گئے ہیں۔ گیسٹ ہاؤس میں کام کرنے والے چھ افراد کو بھی تفتیش کے لیے حراست میں لیے جانے کی اطلاعات ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 21 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔ زیرِ حراست افراد میں میر رضا کے بعض دوست اور کاروباری شراکت دار بھی شامل ہیں، جن سے پوچھ گچھ کی گئی اور بیانات قلم بند کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب میر رضا کے اہلخانہ کے وکیل جبران ناصر نے بتایا ہے کہ اہلخانہ نے جوڈیشل کمیشن بنانے سے متعلق اپنی رائے حکام تک تحریری طور پر پہنچا دی ہے۔

جبران ناصر کے مطابق میر رضا کے والدین نے میئر کراچی، وزیر داخلہ اور ایڈیشنل آئی جی کو آگاہ کیا ہے کہ فی الحال جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی ضرورت نہیں۔ اہلخانہ چاہتے ہیں کہ پولیس کی تفتیشی ٹیم کو قانونی دائرے میں رہتے ہوئے اپنا کام مکمل کرنے دیا جائے۔

کیس میں سامنے آنے والے شواہد اور زیرِ حراست افراد سے تفتیش کے بعد واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنے کی توقع ہے، جبکہ فرانزک رپورٹس تفتیش کی سمت متعین کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔