عظمیٰ بخاری کی ویڈیو لنک پر بیان کی درخواست مسترد
صوبائی وزیر نے فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر نشر اور وائرل کیے جانے کے معاملے پر فلک جاوید کے خلاف قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے میں مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔
لاہور: سیشن عدالت نے صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کی مبینہ جعلی ویڈیو سوشل میڈیا پر پھیلانے سے متعلق مقدمے میں انہیں آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرانے کی ہدایت کردی۔
لاہور کی سیشن عدالت میں مقدمے کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج نصرت علی صدیقی نے کی۔ عدالت نے عظمیٰ بخاری کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست مسترد کردی۔
عدالت نے قرار دیا کہ صوبائی وزیر آئندہ سماعت پر خود عدالت میں پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں۔
عظمیٰ بخاری نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے اس فیصلے کو چیلنج کیا تھا جس میں انہیں ذاتی حیثیت میں عدالت کے سامنے پیش ہونے اور بیان قلم بند کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔
مقدمے کے مطابق صوبائی وزیر نے فیک ویڈیو سوشل میڈیا پر نشر اور وائرل کیے جانے کے معاملے پر فلک جاوید کے خلاف قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ادارے میں مقدمہ درج کرا رکھا ہے۔
عدالت کی جانب سے ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرانے کی درخواست مسترد کیے جانے کے بعد اب عظمیٰ بخاری کو آئندہ سماعت پر ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا۔