نالہ خورد: گرین بس میں موبائل چوری، ڈرائیور پوری بس تھانے لے گیا، چورگرفتار
بس ڈرائیور نے حکمتِ عملی کے تحت بس کا کوئی بھی دروازہ نہ کھولاکہ ملزم فرار نہ ہو سکے اور گاڑی کو سیدھا تھانہ صدر لے گیا۔
فائل فوٹو
رینالہ خورد: گرین بس سروس میں مسافر کا موبائل فون چوری ہونے پر بس ڈرائیور نے بے مثال حاضر دماغی اور نہائت ہوشمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بس کے تمام دروازے مقفل کر دیے اور پوری بس کو براہِ راست تھانہ صدر رینالہ خورد پہنچا دیا۔
تفصیلات کے مطابق گرین بس کے سفر کے دوران ایک مسافر کا قیمتی موبائل فون پراسرار طور پر غائب ہو گیا۔ چوری کی اطلاع ملتے ہی بس ڈرائیور نے حکمتِ عملی کے تحت بس کا کوئی بھی دروازہ نہ کھولا تاکہ ملزم فرار نہ ہو سکے اور گاڑی کو سیدھا تھانہ صدر لے گیا۔
اطلاع ملتے ہی پولیس اہلکاروں نے بس کو تحویل میں لے کر تمام مسافروں کی تلاشی کا عمل شروع کیا۔ تلاشی کے دوران بس میں موجود چور کے پاس سے مسروقہ موبائل فون برآمد ہو گیا، جس پر پولیس نے ملزم کو موقع پر ہی رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
تھانہ صدر پولیس نے قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد مسروقہ موبائل فون اصل مالک کے حوالے کر دیا، جبکہ مسافروں اور مقامي شہریوں کی جانب سے ڈرائیور کی اس حاضر دماغی اور فوری اقدام کو انتہائی سراہا جا رہا ہے۔