سوات :نان کسٹم ہیڈ گاڑیوں کی عارضی پروفائلنگ 11 اگست سے شروع، 30 ستمبر تک مہلت

مقررہ مدت کے اندر اپنی گاڑیوں کی پروفائلنگ لازمی کروائیں ,انتظامیہ

August 11, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

سوات : خیبر پختونخوا حکومت کے ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی ہدایات پر سوات میں بغیر پروفائلنگ نان کسٹم پیڈ (این سی پی) گاڑیوں کی عارضی پروفائلنگ اور رجسٹریشن کا عمل 11 اگست سے شروع کیا جائے گا، جس کے لیے ضلع سوات میں تین مقامات پر پروفائلنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں، جن میں مینگورہ فلائی اوور، غالیگے اور باب مٹہ شامل ہیں۔

ضلع انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ سرکولر کے مطابق ان مقامات پر این سی پی گاڑیوں کی عارضی رجسٹریشن کی جائے گی اور گاڑیوں کو عارضی نمبر بھی الاٹ کیے جائیں گے۔ این سی پی گاڑیوں کے مالکان کو اپنی گاڑیوں کی عارضی پروفائلنگ اور رجسٹریشن کے لیے 30 ستمبر 2026 تک مہلت دی گئی ہے۔

انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مقررہ مدت کے اندر اپنی گاڑیوں کی پروفائلنگ لازمی کروائیں۔ انتظامیہ کے مطابق سوات میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ اب تک تقریباً 48 ہزار گاڑیوں کی پروفائلنگ کرچکا ہے، جبکہ ملاکنڈ ڈویژن کے دیگر اضلاع اور ضم شدہ اضلاع میں بھی این سی پی گاڑیوں کی پروفائلنگ کے لیے یہی عمل شروع کیا جا رہا ہے۔

\جاری کردہ ہدایات کے مطابق گاڑیوں کی پروفائلنگ کا مقصد جرائم اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی روک تھام اور این سی پی گاڑیوں کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا ہے۔ انتظامیہ نے تمام متعلقہ افراد پر زور دیا ہے کہ اپنی گاڑیوں کی مقررہ تاریخ تک عارضی پروفائلنگ اور رجسٹریشن مکمل کرائیں۔