پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات ختم،اسکول 24 اگست سے کھلیں گے

کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر حصوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ طلبہ کے لیے صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی دستیابی بھی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔وزیر تعلیم

August 11, 2026 · قومی

  لاہور: پنجاب میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد سرکاری و نجی اسکول 24 اگست سے دوبارہ کھول دیے جائیں گے۔ وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے اسکولوں کی دوبارہ رونق بحال ہونے سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وزیر تعلیم نے متعلقہ حکام اور اسکول سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ کلاس رومز، واش رومز، کھیل کے میدان اور دیگر حصوں کی صفائی یقینی بنائی جائے۔ طلبہ کے لیے صاف اور محفوظ پینے کے پانی کی دستیابی بھی یقینی بنانے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے پانی کی ٹینکیوں اور چھتوں کی صفائی کے ساتھ جراثیم کشی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مون سون کے دوران نکاسی آب کے نظام کا معائنہ کرنے پر بھی زور دیا۔ اسکولوں میں ڈینگی سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات پر سختی سے عملدرآمد اور مچھروں کی افزائش کے ممکنہ مقامات ختم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

زیر تعمیر یا مرمتی کام والے علاقوں کو طلبہ سے محفوظ رکھنے کے لیے مناسب رکاوٹیں لگانے، جبکہ پنکھوں، لائٹس، سوئچز، ساکٹس اور بجلی کی وائرنگ کی جانچ مکمل کرنے کا بھی کہا گیا ہے۔

وزیر تعلیم نے سرکاری اور نجی اسکولوں میں سیکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ اسکول کھلنے سے پہلے سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر حفاظتی آلات کو فعال رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسکول دوبارہ کھولنے سے قبل سربراہان ادارے کا حتمی معائنہ کریں۔ انتظامات میں غفلت، تاخیر یا ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔