پاکستان اور جاپان کے درمیان 2.2 ملین ڈالر کی گرانٹ کا معاہدہ

معاہدے کی تقریب میں وزارت اقتصادی امور، جاپانی سفارتخانے اور جائیکا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

August 11, 2026 · قومی

 

اسلام آباد: پاکستان اور جاپان نے انسانی وسائل کی ترقی اور سرکاری افسران کی پیشہ ورانہ استعداد بڑھانے کے لیے 350 ملین جاپانی ین، تقریباً 2.2 ملین امریکی ڈالر، کی گرانٹ کے معاہدے پر دستخط کر دیے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق اس رقم سے جاپانی حکومت کے اسکالرشپ پروگرام جے ڈی ایس 2026 کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ معاہدے کی تقریب میں وزارت اقتصادی امور، جاپانی سفارتخانے اور جائیکا کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

دستاویزات پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری اقتصادی امور محمد حمیر کریم اور دیگر حکام جبکہ جاپان کی طرف سے سفیر اکاماتسو شوئیچی اور جائیکا کے چیف نمائندے یوسوکے شینوزاکی نے دستخط کیے۔

جے ڈی ایس پروگرام کے تحت وفاقی سول سروس کے افسران کو جاپان کی جامعات میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اس مرحلے میں ماسٹرز کے لیے 16 جبکہ پی ایچ ڈی کے لیے ایک اسکالرشپ مختص کی گئی ہے۔

وزارت اقتصادی امور کے مطابق 2018 سے اب تک اس پروگرام کے تحت 8 بیچز کے افسران جاپان میں تعلیم حاصل کرچکے ہیں، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بہتری آئی ہے۔

جاپان پاکستانی سرکاری افسران کے لیے مختلف شعبوں میں مختصر دورانیے کے تربیتی پروگرام بھی منعقد کرتا ہے۔ تقریب کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں نے باہمی تعاون اور دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔