پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم

مقررہ مدت کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل حل نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

August 11, 2026 · قومی

اسلام آباد: پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات منظور نہ ہونے کی صورت میں حکومت کو 72 گھنٹے کی مہلت دے دی۔

ایسوسی ایشن کے رہنما ملک خدا بخش نے کہا ہے کہ مقررہ مدت کے دوران پیٹرولیم ڈیلرز کے مسائل حل نہ کیے گئے تو ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنا مشکل ہوجائے گا۔

انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قیمتوں میں ردوبدل کے موجودہ طریقہ کار پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔

ملک خدا بخش نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول پر ڈیلرز کا منافع بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے اور پیٹرولیم کمپنیوں کی جانب سے ڈیلرز کے لیے عائد ایلوکیشن کا نظام ختم کیا جائے۔

ان کے مطابق ایسوسی ایشن حکومتی حکام سے رابطے میں ہے، تاہم اب تک مطالبات کے حوالے سے کوئی حتمی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیلرز کے مسائل حل نہ ہونے کے باعث صورتحال اب مزید برداشت سے باہر ہوتی جارہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کو 72 گھنٹے کی مہلت دینے کا فیصلہ ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں ملک بھر سے پیٹرولیم ڈیلرز نے شرکت کی۔

ملک خدا بخش نے واضح کیا کہ اگر مقررہ مدت میں مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو پیٹرول پمپس پر کاروبار کے حوالے سے آئندہ کا لائحہ عمل اختیار کیا جائے گا۔