آزاد کشمیر الیکشن:باغ کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر 15 اگست کو دوبارہ پولنگ ہوگی
دونوں حلقوں میں ری پولنگ 15 اگست کو ہوگی۔ ایل اے 15 کے 9 جبکہ ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز دوبارہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے باغ کے دو انتخابی حلقوں ایل اے 15 باغ 2 اور ایل اے 16 باغ 3 کے 23 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق دونوں حلقوں میں ری پولنگ 15 اگست کو ہوگی۔ ایل اے 15 کے 9 جبکہ ایل اے 16 کے 14 پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز دوبارہ اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق ری پولنگ کا فیصلہ متعلقہ ریٹرننگ افسران کی رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق ایل اے 15 باغ 2 میں مجموعی طور پر 213 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے تھے، جن میں سے 204 کے نتائج ریٹرننگ افسر کو موصول ہوچکے ہیں۔ ایل اے 16 باغ 3 کے 186 پولنگ اسٹیشنز میں سے 172 کے نتائج موصول ہوئے ہیں۔
ایل اے 15 باغ 2 کے پولنگ اسٹیشن نمبر 114، 135، 143، 144، 145، 146، 147، 148 اور 186 پر دوبارہ پولنگ ہوگی۔
ایل اے 16 باغ 3 میں پولنگ اسٹیشن نمبر 28، 29، 40، 49، 50، 51، 77، 91، 109، 110، 111، 112، 143 اور 149 پر بھی 15 اگست کو دوبارہ ووٹنگ کرائی جائے گی۔
چیف الیکشن کمشنر نے دونوں حلقوں کے ووٹرز سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ تاریخ کو اپنے متعلقہ پولنگ اسٹیشنز پر پہنچیں اور اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
واضح رہے کہ حلقہ ایل اے 14 دھیرکوٹ باغ غربی سے عوامی دست و بازو کے امیدوار سردار ساجد عباسی جبکہ ایل اے 17 حویلی سے پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اور آزاد کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کامیاب قرار دیے جاچکے ہیں۔