حکمران اورفیصلہ ساز27 ستمبرسے پہلےآنکھیں کھول لیں ،سہیل آفریدی

ظلم جاری رہااورنفرت بڑھتی گئی توایک وقت آئیگاعمران خان کےکہنےپربھی لوگوں کےدلوں میں محبت پیدانہیں ہوگی ، میڈیا سے گفتگو

August 11, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

اسلام آباد: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ حکمران اور فیصلہ ساز 27 ستمبر سے پہلے آنکھیں کھول لیں اور ملک کو انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جائیں ورنہ حالات کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔

سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش ناک خبریں سامنے آرہی ہیں اور قوم کو ان کی صحت کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں نہ ہم اُن کی صحت پر سیاست کرتے ہیں اور نہ ہی عمران خان نے اپنی صحت کے حوالے سے کبھی ایسی کوئی بات کی ہے جس کا مقصد انہیں کسی ریلیف کا حصول ہو ، لہٰذا ضروری ہے کہ عمران خان کی صحت کے معاملے کو سنجیدگی سے لیا جائے اور اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے فیملی کی موجودگی میں ذاتی معالجین کی زیر نگرانی علاج کا مطالبہ پورا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے اپنے دورِ حکومت میں نواز شریف کو علاج کے لیے بیرونِ ملک جانے کی اجازت دی تھی، حالانکہ نواز شریف کے خلاف کے خلاف جعلی میڈیکل سرٹیفکیٹس کے حوالے سے بھی سوالات اٹھائے گئے تھے اور عمران خان بھی یہ سب جانتے تھے مگرا ُنہوں نے انسانی ہمدردی کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے بیرون ملک علاج کیلئے جانے کی اجازت دی  آج عمران خان کو ہی بنیادی انسانی حقوق اور انصاف سے محروم رکھا جا رہا ہے، جو انتہائی تشویش ناک اور ناقابلِ قبول ہے۔

سہیل آفریدی نے کہاکہ عمران خان کو جعلی مقدمات میں نا حق قید کیا گیا ہے جبکہ اُن کے مخالفین بدعنوانی کے مقدمات میں ملوث رہے ہیں، کرپشن کی ، باہر جزیرے خریدے اور ملک و قوم کا پیسہ لوٹا، ظلم کرنے والے یہ بات اچھی طرح سن لیں کہ مکافاتِ عمل سے کوئی نہیں بچ سکتا، انہیں اپنے کیے کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں انصاف کا نظام اس وقت شدید آزمائش سے دوچار ہے، اگر ایک جج انصاف کے لیے اسٹینڈ لے گا تو اس سے باقی ججز کو بھی حوصلہ اور ہمت ملے گی۔ عوام ججز سے اُمید لگائے بیٹھے ہیں، اگر ججز انصاف نہیں کریں گے اور جس کام کی تنخواہیں لیتے ہیں وہ کام نہیں کریں گے تو پھر عوام انصاف کے لیے کہاں جائیں گے۔

محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ آج نوجوانوں کی آنکھوں میں انقلاب کی جو چمک وہ دیکھ رہے ہیں، اسے کوئی سنبھال نہیں پائے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ظلم اور ناانصافی کا سلسلہ جاری رہا اور نفرت اسی طرح بڑھتی گئی تو حالات اس نہج تک پہنچ سکتے ہیں کہ عمران خان کے کہنے پر بھی لوگوں کے دلوں میں محبت پیدا نہیں ہوگی، حکمران اور فیصلہ ساز طبقہ اس صورتحال کی سنگینی کو سمجھیں،27 ستمبر سے پہلے آنکھیں کھول لیں اور ملک کو انصاف، آئین اور قانون کی بالادستی کی طرف لے جائیں، بصورت دیگر حالات کو سنبھالنا مشکل ہو جائے گا۔