ماسکو سے فیصل آباد اور کراچی تک مال بردار ٹرین چلانے کا منصوبہ ، روسی سفیر
اس منصوبے میں بیلاروس کو بھی شامل کرنے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے ، روسی سفیر کا بیان
فائل فوٹو
اسلام آباد: دوطرفہ تجارت اور علاقائی رابطوں کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم پیش رفت میں روسی سفیر البرٹ پی خورِیف نے کہا ہے کہ روس اور پاکستان ماسکو کو فیصل آباد اور کراچی سے ملانے والے پہلے مال بردار ریلوے روابط قائم کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
روسی سفارتخانے نے اسلام آباد میں روسی اخبار ازویستیا کے حوالے سے سفیر کا بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک ماسکو سے فیصل آباد اور ماسکو سے کراچی کے درمیان دونوں سمتوں میں پہلی مال بردار ریلوے سروس شروع کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ہم ماسکو-فیصل آباد اور ماسکو-کراچی کوریڈورز پر دونوں سمتوں میں پہلی مال بردار ریلوے سروس شروع کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔ اس منصوبے میں بیلاروس کو بھی شامل کرنے کے امکان پر غور کیا جا رہا ہے۔
سفیر کے مطابق یہ منصوبہ 2025 اور 2026 کے اوائل میں خطے میں بڑھتی ہوئی جغرافیائی سیاسی کشیدگی کے باعث کئی مرتبہ تاخیر کا شکار ہوا۔اس وقت دونوں ممالک مجوزہ ریلوے سروس کے لیے معاہدے سے متعلق امور کو حتمی شکل دینے اور ایسے ممکنہ تجارتی صارفین کی نشاندہی کرنے پر کام کر رہے ہیں جو اپنے سامان کی نقل و حمل کے لیے اس سروس کو استعمال کر سکیں گے۔