موٹروے ایم 3 پر بس اور مزدا میں تصادم، ایک جاں بحق،4 زخمی
حادثہ ایم 3 پر کلومیٹر 1024 کے قریب پیش آیا۔ راجن پور سے لاہور جانے والی مسافر بس آگے چلنے والے مزدا سے ٹکرا گئی
فیصل آباد: موٹروے ایم 3 پر سمندری کے قریب مسافر بس اور مزدا کے درمیان تصادم کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔
موٹروے پولیس کے مطابق حادثہ ایم 3 پر کلومیٹر 1024 کے قریب پیش آیا۔ راجن پور سے لاہور جانے والی مسافر بس آگے چلنے والے مزدا سے ٹکرا گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ ممکنہ طور پر بس ڈرائیور کو دورانِ سفر نیند آنے کے باعث پیش آیا۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں ریسکیو اداروں کی مدد سے زخمیوں کو مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال سمندری منتقل کردیا گیا۔
حادثے میں بس کا اسٹیورڈ محمد زبیر موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا، جس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔