اسرائیلی آبادکاری فلسطینی علاقوں کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے:عاصم افتخار
مقبوضہ مغربی کنارے میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں، اس صورتحال کے پیش نظر سلامتی کونسل کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے مقبوضہ مغربی کنارے کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں کے فوری تحفظ کا مطالبہ کیا ہے۔
سلامتی کونسل سے خطاب میں عاصم افتخار نے کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے میں حالات تیزی سے خراب ہو رہے ہیں، اس صورتحال کے پیش نظر سلامتی کونسل کو فوری اور مؤثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستانی مندوب کے مطابق اسرائیل کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات کا مقصد قبضے کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی آبادکاری میں مسلسل توسیع تشویشناک ہے، جبکہ مختلف علاقوں میں نئی آبادکاریاں فلسطینی سرزمین کو تقسیم کرنے کی کوشش کے مترادف ہیں۔
عاصم افتخار نے آبادکاروں کے تشدد کی فوری روک تھام اور ذمہ دار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔ انہوں نے مسجد اقصیٰ میں اشتعال انگیز اقدامات پر پاکستان کی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی عوام کو بین الاقوامی تحفظ فراہم کرنے پر زور دیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل کو یونیسیف کی سفارشات پر عمل درآمد یقینی بنانا چاہیے تاکہ فلسطینی بچوں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاسکیں۔