بجلی ایک روپے فی یونٹ مہنگی ہونے کا امکان، نیپرا میں درخواست جمع
سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو ملنے والا ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ ریلیف رواں ماہ ختم ہونے جا رہا ہے۔
اسلام آباد: ملک میں بجلی کے نرخوں میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا امکان ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت ٹیرف میں ایک روپے فی یونٹ اضافے کے لیے نیپرا میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت صارفین کو ملنے والا ایک روپے 99 پیسے فی یونٹ ریلیف رواں ماہ ختم ہونے جا رہا ہے۔ اس کے بعد نئی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کے نرخوں میں اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست پر نیپرا کی جانب سے جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں ملک بھر کے بجلی صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔
واضح رہے کہ بجلی کے نرخوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے وقتاً فوقتاً تبدیلی کی جاتی ہے، جس کا اثر صارفین کے بجلی کے بلوں پر پڑتا ہے۔