صادق آباد میں گھر پر فائرنگ،سردار عالمگیر کوش سمیت 3 افراد جاں بحق
فائرنگ کے واقعے میں ناظم کوش اور گھر کا گارڈ معشوق بھی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
صادق آباد: موضع بوہی واڑ میں مسلح افراد نے ایک گھر میں داخل ہو کر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں سردار عالمگیر کوش سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں ناظم کوش اور گھر کا گارڈ معشوق بھی جان کی بازی ہار گئے، جبکہ حملہ آور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سردار عالمگیر کوش نے کچہ سرنڈر پالیسی کو کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ پولیس کے مطابق ان کے سر کی قیمت بھی 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور شواہد اکٹھے کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ ڈی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے محرکات جاننے اور ملزمان تک پہنچنے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔