میر رضا کو قتل سے قبل تیزاب میں نہلایا گیا،وکیل جبران ناصر

میر رضا علی 28 جولائی کو گھر سے لاپتا ہوئے تھے، جبکہ اگلے روز ان کی لاش گلستان جوہر کے قریب سے ملی تھی۔

August 12, 2026 · قومی

کراچی: وافلکس کے مالک 25 سالہ میر رضا علی کے قتل کیس میں خاندان کے وکیل جبران ناصر نے تحقیقات کے حوالے سے متعدد اہم سوالات اور سنگین دعوے سامنے رکھ دیے ہیں۔

جبران ناصر کے مطابق خدشہ ہے کہ میر رضا کو قتل سے قبل تیزاب میں نہلایا گیا اور ممکنہ طور پر تیزاب پلانے کی کوشش بھی کی گئی۔ ان کا کہنا ہے کہ میر رضا کو قتل سے تقریباً 12 گھنٹے پہلے تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے شواہد بھی سامنے آئے ہیں۔

وکیل نے مزید بتایا کہ میر رضا کے سوئم کے روز ان کی اسمارٹ واچ بھی طلب کی گئی۔ انہوں نے تحقیقاتی ٹیم کے ایک افسر کی کشمیر میں موجودگی پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ واقعے کے بعد سے مذکورہ افسر واپس نہیں آیا، اس لیے یہ وضاحت ضروری ہے کہ وہ وہاں کس مقصد کے لیے موجود تھا اور کیا وہیں سے کیس کی تحقیقات کررہا تھا۔

یاد رہے کہ میر رضا علی 28 جولائی کو گھر سے لاپتا ہوئے تھے، جبکہ اگلے روز ان کی لاش گلستان جوہر کے قریب سے ملی تھی۔

خاندان کے مطابق تازہ پوسٹ مارٹم اور کیمیائی تجزیاتی رپورٹس میں میر رضا کو پیچھے سے گولی لگنے، جسم پر متعدد زخموں اور کپڑوں پر تیزاب کے آثار سے متعلق نکات سامنے آئے ہیں۔

کیس میں نئی تحقیقاتی ٹیم تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ میر رضا کے اہلخانہ اور ان کے وکیل نے واقعے کی شفاف تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ تیزاب سے نہلانے، تیزاب پلانے، تشدد اور اسمارٹ واچ سے متعلق دعوے جبران ناصر کی جانب سے سامنے آئے ہیں، جن کی حتمی تصدیق تحقیقات اور متعلقہ شواہد کی بنیاد پر ہوگی۔