میر رضا کیس:تحقیقات جاری،والدین نئی پیش رفت سے مطمئن ہیں،آئی جی سندھ

ابتدائی طور پر میڈیکو لیگل رپورٹ کی بنیاد پر تحقیقات کی گئی تھیں، تاہم اس رپورٹ میں کچھ کوتاہیاں سامنے آئی ہیں جنہیں اب دور کیا جارہا ہے۔

August 12, 2026 · قومی

کراچی: سندھ کے انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو نے میر رضا علی کیس میں جاری تحقیقات کے حوالے سے اہم پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئی تحقیقاتی کمیٹی معاملے کی تفتیش کررہی ہے اور میڈیکل بورڈ کی تازہ رپورٹ کی روشنی میں تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

آئی جی سندھ کے مطابق میر رضا کی ناگہانی موت یا قتل انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ابتدائی طور پر میڈیکو لیگل رپورٹ کی بنیاد پر تحقیقات کی گئی تھیں، تاہم اس رپورٹ میں کچھ کوتاہیاں سامنے آئی ہیں جنہیں اب دور کیا جارہا ہے۔

جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ نئی تحقیقاتی کمیٹی کام کررہی ہے جبکہ میر رضا کے والدین نے تحقیقات کے نئے طریقہ کار پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ ان کے مطابق پہلے پیدا ہونے والی صورتحال کسی دباؤ کے باعث نہیں بلکہ غلط فہمی کی وجہ سے تھی۔

آئی جی سندھ نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات کے دوران کسی شخص کا واقعے میں ملوث ہونا ثابت ہوا تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

واضح رہے کہ وافلکس برانڈ کے مالک 25 سالہ میر رضا علی 28 جولائی کو لاپتا ہوئے تھے، جبکہ اگلے روز ان کی لاش گلستان جوہر سے ملی تھی۔ دوسری پوسٹ مارٹم رپورٹ میں گولی لگنے کے زخم اور تشدد کے نشانات سامنے آنے کے بعد کیس کی نوعیت پر نئے سوالات اٹھے اور نئی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی گئی۔