ایف آئی اے اور سائبر کرائم کا مشترکہ کریک ڈاؤن،374 چینی شہری گرفتار
گرفتار افراد پاکستان میں اپنے قیام سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔
اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اسلام آباد میں مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے 374 چینی شہریوں کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کی کارروائی کے دوران 258 چینی شہریوں کو فارن ایکٹ کے تحت حراست میں لیا گیا۔ حکام کے مطابق گرفتار افراد پاکستان میں اپنے قیام سے متعلق مطلوبہ دستاویزات پیش نہیں کرسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسری جانب سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے اسلام آباد میں مبینہ غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائی کی، جس کے دوران مزید 116 چینی شہریوں کو گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کو رکھنے کے لیے گلبرگ میں واقع سپارکو پلازہ کو سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ چیف کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سپارکو پلازہ کو سب جیل بنانے کا نوٹیفکیشن پہلے ہی جاری کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق کارروائی کے بعد گرفتار چینی شہریوں سے متعلق مزید قانونی کارروائی اور تحقیقات جاری ہیں۔