مریم نواز سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات،مختلف شعبوں میں تعاون پر اتفاق
ملاقات کے دوران تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور امریکا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران تعلیم، سیکیورٹی، سرمایہ کاری، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل اثاثوں اور توانائی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں جانب سے پنجاب میں سیلاب اور سموگ سے نمٹنے کے لیے امریکی ماہرین کی خدمات سے استفادہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں لاہور میں پنجاب یو ایس بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کی تجویز پر بھی بات چیت کی گئی، جس کا مقصد کاروباری اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر نے خواتین کی فلاح و بہبود اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے پنجاب حکومت کے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے لاہور میں بسنت فیسٹیول کے انعقاد اور محفوظ بسنت کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
نیٹلی اے بیکر نے کہا کہ انہیں پاکستان، بالخصوص پنجاب اور لاہور کے لوگ پسند ہیں اور یہاں کے عوام کی زندہ دلی متاثر کن ہے۔
اس موقع پر مریم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ سال بسنت میلے کو مزید وسعت دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے قانونی اور عملی اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بھی نئی پالیسیاں تشکیل دی جارہی ہیں۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کی ملاقات
وزیرِاعلیٰ مریم نواز شریف کا قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی اے بیکر کا پرتپاک خیرمقدم
ملاقات میں پنجاب میں فروغ تعلیم، سیکیورٹی اور سرمایہ کاری سے متعلق تبادلہِ خیال pic.twitter.com/XGnhAXjjEk
— PMLN Lahore (@LahorePMLN) August 12, 2026
وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ خواتین کی سفری سہولت کے لیے الیکٹرک اسکوٹی اور الیکٹرو بس سروس شروع کی گئی ہے، جبکہ خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے چھوٹے کاروبار کے لیے بلاسود قرضوں کی سہولت بھی فراہم کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لیے ڈائریکٹ پنک بٹن اور ورچوئل پولیس اسٹیشن سمیت مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ امریکا میں مقیم تقریباً 10 لاکھ پاکستانی پنجاب اور پاکستان کے لیے قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مون سون کے دوران پیشگی اقدامات اور ڈسٹرکٹ واسا کے قیام سے بارش کے پانی کی نکاسی میں بہتری آئی ہے۔
ملاقات کے اختتام پر پنجاب اور امریکا کے درمیان کاروباری، سرمایہ کاری اور تکنیکی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔