پشاور کینٹ میں’’سبز آزادی ڈرائیو 2026‘‘ کے تحت وسیع پیمانے پرشجر کاری

اب تک3 ہزارسے زائد پودے شہریوں میں تقسیم

August 12, 2026 · ماحولیاتی تغیر

 

کنٹونمنٹ بورڈ پشاورکی جانب سے ’’سبز آزادی ڈرائیو 2026‘‘ کے تحت پشاور کینٹ کو سرسبز و شاداب بنانے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے وسیع پیمانے پر شجر کاری مہم جاری ہے۔اس دوران کینٹ کے رہائشیوں میں مفت پودے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ شاہنواز چوک اور کیپٹن روح اللہ شہید چوک پر خصوصی کیمپ قائم کیے گئے ہیں، جہاں سے اب تک3 ہزارسے زائد پودے شہریوں میں تقسیم کیے جا چکے ہیں۔

مہم کے تحت ارجن، شیشم، بوٹل برش، چنار، السٹونیا، ٹرمینلیا، جامن، سکھ چین، مالٹا، امرود، لیموں اور املتاس سمیت مختلف اقسام کے پودے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ عوام کی زیادہ سے زیادہ شرکت اور گھروں و محلوں میں شجر کاری کے فروغ کے لیےCall a Tree) مہم بھی شروع کی گئی ہے۔

11 اگست کو منعقدہ خصوصی تقریب میں بچوں، شہدا کے بچوں اور ان کے اہل خانہ نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے پودے لگائے۔مال روڈ پر ’’سبز آزادی کیمپ‘‘ اور گرین پلانٹیشن ڈرائیواسی سلسلے میں 12 اگست 2026 کو مال روڈ، پشاور کینٹ میں خصوصی ’’سبز آزادی کیمپ‘‘ میں Green Plantation Drive 2026 کا اہتمام کیا گیا۔

تقریب میں ورلڈ اسکواش چیمپئن جان شیر خان اور بریگیڈیئر (ر) سلیم اشرف، سابق اسٹیشن کمانڈر نے بطور مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر عام شہریوں، پولیس اہلکاروں اور اسکول کے طلبہ میں مفت پودے تقسیم کیے گئے تاکہ ماحولیاتی شعور کو فروغ دینے، کینٹ کے علاقوں میں شجر کاری کو بڑھانے اور پشاور کینٹ کو مزید صاف، سرسبز اور صحت مند بنانے کے عزم کو تقویت دی جا سکے۔

مہمانانِ خصوصی اور شرکاء نے بھی شجر کاری کی سرگرمی میں حصہ لیا اور شہریوں کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور ان کی مناسب نگہداشت کی ترغیب دی۔

13 اگست 2026 کو خصوصی شجر کاری پروگرام کے تحت پشاور کینٹ کے مختلف مقامات پر ایک ہی روز میں تقریباً ڈیڑھ ہزار پودے لگائے جائیں گے۔ اس اجتماعی شجر کاری میں علاقائی معززین، بزرگ شہری، مقامی کمیونٹی کے نمائندے اور دیگر طبقاتِ زندگی کے افراد شرکت کریں گے۔

شجر کاری کے لیے منتخب مقامات میں خالد بن ولید پارک، سی ایم ایچ فیملی ونگ کے قریب گرین بیلٹ، سینٹ جانز کیتھیڈرل چرچ، پی ٹی وی اسٹیشن، پافوا پارک، باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ، پاکستان اسپورٹس بورڈ، ڈاکٹر یونس چوک ایس ایم روڈ، نشتر ہال کے سامنے گرین بیلٹ، شامی کالونی اور کنٹونمنٹ بورڈ اسکول طارق روڈ/آرٹلری روڈ شامل ہیں۔

پشاور کینٹ میں پائیدار سرسبز قطعات کے قیام کے لیے موزوں مقامات پر ’’میاواکی طرز‘‘ کے گھنے شجر کاری منصوبے بھی شروع کیے جا رہے ہیں۔ اس مہم کا بنیادی مقصد کینٹ کے رہائشیوں میں ماحولیاتی شعور، احساسِ ملکیت اور اجتماعی ذمہ داری کو فروغ دینا ہے تاکہ ہر شہری شجر کاری کے ساتھ ساتھ پودوں کی نگہداشت میں بھی اپنا فعال کردار ادا کرے۔
کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کا عزم ہے کہ ’’سبز آزادی ڈرائیو 2026‘‘ کے ذریعے پشاور کینٹ کو مزید سرسبز، خوبصورت، صاف اور ماحول دوست بنایا جائے اور ایک Greener & Healthier Peshawar Cantt کے قیام کے لیے شہریوں کو اس اجتماعی کوشش کا فعال حصہ بنایا جائے۔