محسن نقوی کا این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ
منصوبے پر مجموعی طور پر 9 افراد کام کر رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند روز سے تعمیراتی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے زیرِ تعمیر ہیڈکوارٹرز کا اچانک دورہ کیا اور اپ گریڈیشن منصوبے پر جاری کام کی رفتار پر سخت ناراضی کا اظہار کیا۔
وزیر داخلہ نے دورے کے دوران زیرِ تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر عمارت میں صرف ایک مزدور کام کرتا ہوا نظر آیا۔
محسن نقوی نے مزدور سے منصوبے پر کام کرنے والے افراد اور کام کی صورتحال کے بارے میں دریافت کیا۔ مزدور نے بتایا کہ منصوبے پر مجموعی طور پر 9 افراد کام کر رہے ہیں، تاہم گزشتہ چند روز سے تعمیراتی سرگرمیاں تعطل کا شکار ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے منصوبے کی سست رفتاری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موقع پر ہی متعلقہ حکام سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ این سی سی آئی اے ہیڈکوارٹرز کی اپ گریڈیشن کا کام فوری طور پر تیز کیا جائے اور منصوبے میں مزید تاخیر سے گریز کیا جائے۔
محسن نقوی نے واضح کیا کہ سرکاری منصوبوں پر کام مقررہ رفتار کے مطابق آگے بڑھنا چاہیے اور متعلقہ حکام تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار کو یقینی بنائیں۔