کرپشن کے خاتمے کیلئے اینڈ ٹو اینڈ پیپر لیس نظام مؤثر ہوگا،مریم نواز
پنجاب میں ای فائلنگ، ای پریکیورمنٹ، ای پے، ای آکشن، ون میپ، ایچ آر ایم آئی ایس اور ڈیٹا ویئر ہاؤس سمیت متعدد ڈیجیٹل نظام فعال ہیں۔
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں اینڈ ٹو اینڈ آٹومیشن اور پیپر لیس نظام کے نفاذ سے کرپشن کے خاتمے اور سرکاری خدمات میں شفافیت کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدارت ویڈیو لنک اجلاس میں پنجاب میں ڈیجیٹلائزیشن اور پیپر لیس آٹومیشن سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے اجلاس کو مختلف ڈیجیٹل منصوبوں اور ان کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب میں ای فائلنگ، ای پریکیورمنٹ، ای پے، ای آکشن، ون میپ، ایچ آر ایم آئی ایس اور ڈیٹا ویئر ہاؤس سمیت متعدد ڈیجیٹل نظام فعال ہیں۔ صوبے کے 6 ہزار سے زائد سسٹمز کو پی آئی ٹی بی کے مرکزی نظام سے منسلک کیا جاچکا ہے۔
بریفنگ کے مطابق ای فائلنگ نظام کے ذریعے ایک لاکھ 76 ہزار سے زائد سمری نوٹس تیار کیے جاچکے ہیں، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لیے اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
حکام نے بتایا کہ ای پریکیورمنٹ سسٹم سے 25 ہزار سے زائد سپلائرز منسلک ہیں۔ اس نظام کے ذریعے 6 کھرب روپے سے زائد کی ڈیجیٹل خریداری اور 12 لاکھ 90 ہزار سے زائد ٹینڈرز کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے۔ اینڈ ٹو اینڈ ٹینڈرنگ کے باعث متعلقہ دفتر جائے بغیر خریداری کے عمل کو ممکن بنایا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ای آکشن سسٹم پر 3 ہزار 784 وینڈرز رجسٹرڈ ہیں اور اس کے ذریعے مختصر مدت میں 527 ارب روپے کی ریونیو جنریشن ہوئی ہے۔
پنجاب حکومت کے ڈیٹا ویئر ہاؤس میں اوپن سورس ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، جس سے لائسنسنگ اخراجات میں نمایاں بچت کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق ’مریم کی دستک‘ پروگرام کے ذریعے 110 جبکہ ’ای بز‘ پلیٹ فارم کے ذریعے 434 کاروباری خدمات فراہم کی جارہی ہیں۔ ای بز کے تحت دستاویزات کی جانچ کے لیے مصنوعی ذہانت کا بھی استعمال کیا جارہا ہے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ای بز کے تحت ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے ایک لاکھ 10 ہزار سے زائد درخواست گزاروں کو مطلوبہ دستاویز یا سہولت فراہم کی جاچکی ہے۔ نظام کے تحت درخواست موصول ہونے کے بعد 15 دن میں سروس فراہم کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
’مریم کی دستک‘ پروگرام کے لیے پنجاب بھر میں 9 ہزار 800 سے زائد نمائندے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پروگرام کے تحت 110 سروسز کے لیے 40 لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں جبکہ 31 لاکھ سے زائد شہریوں کو گھر بیٹھے خدمات فراہم کی جاچکی ہیں۔
مریم نواز شریف نے اجلاس کے دوران ای بز کے تحت پٹرول پمپ اور فلور مل کے این او سی کے اجرا کا طریقہ کار بھی خود چیک کیا۔ انہوں نے پی آئی ٹی بی کو پیپر لیس آٹومیشن سافٹ ویئر کی فراہمی اور نظام میں مزید بہتری کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ حکومت کا مقصد شہریوں کو معمولی کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے نجات دلانا ہے۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے ذریعے شہریوں اور سرکاری اہلکاروں کے براہِ راست رابطے کو کم کرکے شفافیت میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب کے مختلف شعبوں اور اداروں کو مرحلہ وار ڈیجیٹل نظام میں منتقل کیا جارہا ہے اور آٹومیشن کے ذریعے سرکاری خدمات کو مزید تیز، آسان اور شفاف بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔