پی او سی کارڈ ہولڈرز کیلئے بڑی خوشخبری، پاکستانی کوٹے پر حج کی اجازت
اس اقدام سے پاکستانی نژاد افراد کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی اور پاکستان کے حج انتظامات میں ان کی شمولیت بھی ممکن ہوگی۔
پاکستانی نژاد کارڈ (پی او سی) رکھنے والے افراد کے لیے حج کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سعودی عرب نے پی او سی ہولڈرز کو پاکستان کے حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کے مجموعی حج کوٹے کا ایک فیصد پاکستانی نژاد کارڈ رکھنے والے افراد کے لیے مختص کیا جائے گا۔ اس فیصلے کے تحت تقریباً 1792 پی او سی ہولڈرز پہلی مرتبہ پاکستان کے کوٹے پر حج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی او سی رکھنے والے افراد سرکاری اور نجی دونوں حج اسکیموں کے ذریعے حج کی ادائیگی کرسکیں گے۔
یہ سہولت ان پاکستانی نژاد افراد کے لیے بھی اہم قرار دی جارہی ہے جنہوں نے بیرون ملک سکونت اختیار کرتے ہوئے پاکستانی شہریت اور پاسپورٹ ترک کردیا ہے، تاہم ان کے پاس پاکستانی نژاد کارڈ موجود ہے۔
ذرائع کے مطابق پی او سی ہولڈرز کو پاکستان کے حج کوٹے میں شامل کرنے کی اجازت پہلی مرتبہ دی گئی ہے، جس سے بیرون ملک مقیم پاکستانی نژاد افراد کے لیے حج کی ادائیگی کا ایک نیا راستہ کھل گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس اقدام سے پاکستانی نژاد افراد کو مذہبی فریضے کی ادائیگی کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی اور پاکستان کے حج انتظامات میں ان کی شمولیت بھی ممکن ہوگی۔