اسحاق ڈار سے نارویجن وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق

دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بھی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ہیں۔

August 13, 2026 · قومی

ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ نے اسلام آباد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو ہوئی۔

نارویجن وزیر خارجہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچے تو وزارت خارجہ میں اسحاق ڈار نے ان کا استقبال کیا۔ بعد ازاں دونوں ممالک کے وفود کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے۔

ملاقات کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور موسمیاتی تبدیلی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ فریقین نے علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے اقتصادی روابط کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نارویجن کمپنیاں پاکستان کی اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے پاکستان اور ناروے کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ انہوں نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے حالیہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے دوران پاکستانی قیادت کی کوششوں کو قابلِ قدر قرار دیا۔

ایسپن بارتھ ایڈ کے مطابق موجودہ علاقائی کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے تشویش کا باعث ہے، جبکہ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

ناروے کے وزیر خارجہ نے ناروے میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط بھی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں اہم ہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق دونوں فریقوں نے پاکستان اور ناروے کے دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی معاملات پر مزید تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔