اسلام آباد آنے والی پروازوں کو اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت
یومِ آزادی کی تقریبات اور اس موقع پر ہونے والی فضائی مشقوں کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر بعض پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں تاخیر کا امکان ہے
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے 13 اور 14 اگست کے دوران اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے متعلق پروازوں کے لیے اہم حفاظتی ہدایات جاری کردی ہیں۔
پی اے اے کی جانب سے جاری نوٹم کے مطابق اسلام آباد ایئرپورٹ آنے والی پروازوں کے طیاروں کو اضافی ایندھن رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ممکنہ فضائی تاخیر کی صورت میں پروازوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو۔
حکام کے مطابق یومِ آزادی کی تقریبات اور اس موقع پر ہونے والی فضائی مشقوں کے باعث اسلام آباد ایئرپورٹ پر بعض پروازوں کی لینڈنگ اور ٹیک آف میں تاخیر کا امکان ہے۔ ایسی صورتحال میں طیاروں کو کچھ وقت فضا میں انتظار بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
پی اے اے نے تمام متعلقہ پروازوں کے کپتانوں کو ہدایت کی ہے کہ ممکنہ تاخیر کو مدنظر رکھتے ہوئے طیاروں میں اضافی ایندھن موجود ہو، تاکہ دورانِ پرواز انتظار کی صورت میں آپریشن متاثر نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ ہدایات 13 اور 14 اگست کے دوران فضائی آپریشن کو محفوظ اور منظم رکھنے کے لیے جاری کی گئی ہیں، تاکہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت ممکنہ رکاوٹوں کے باوجود معمول کے مطابق جاری رہ سکے۔