پاکستان کی پہلی چاند گاڑی کا نام ’’جناح1‘‘ رکھ دیا گیا
’’جناح-1‘‘ نام تجویز کرنے والے 7 افراد کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا، جس میں بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم فاتح قرار پائے۔
پاکستان کی خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو نے ملک کی پہلی چاند گاڑی کے سرکاری نام کا اعلان کردیا ہے۔ ملک گیر نام تجویز کرنے کے مقابلے میں موصول ہونے والی 4 ہزار سے زائد تجاویز کا جائزہ لینے کے بعد روور کا نام ’’جناح-1‘‘ منتخب کیا گیا۔
سپارکو کے مطابق ’’جناح-1‘‘ نام تجویز کرنے والے 7 افراد کو قرعہ اندازی میں شامل کیا گیا، جس میں بہاول نگر سے تعلق رکھنے والے 17 سالہ طیب کریم فاتح قرار پائے۔
سپارکو کے چیئرمین نے کہا کہ ’’جناح-1‘‘ صرف ایک نام نہیں بلکہ عزم، استقامت اور ترقی کی علامت ہے، جو پاکستان کے خلائی تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی خواہش کی نمائندگی کرتا ہے۔
ادارے کے مطابق پاکستان کی تیار کردہ پہلی چاند گاڑی ’’جناح-1‘‘ کو 2029 میں چین کے چانگ ای-8 مشن کے ذریعے چاند پر بھیجا جائے گا۔
مقامی طور پر تیار کیے جانے والے اس روور کا مشن چاند کے جنوبی قطب پر سائنسی تحقیق اور مختلف تجربات انجام دینا ہوگا۔
سپارکو کے مطابق یہ منصوبہ پاکستان کے خلائی پروگرام میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور ملک کی خلائی سائنس و ٹیکنالوجی میں صلاحیتوں کو مزید اجاگر کرے گا۔