عوام کیلئے بجلی کا نیا جھٹکا،فی یونٹ قیمت میں تین ماہ تک اضافے کا امکان

حتمی اضافے اور اس کے اطلاق سے متعلق فیصلہ نیپرا کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔

August 13, 2026 · قومی

کراچی: ملک بھر میں بجلی کے صارفین کے لیے مزید مہنگائی کا امکان پیدا ہوگیا ہے، سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی کی فی یونٹ قیمت میں مسلسل تین ماہ تک اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے مطابق بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت فی یونٹ قیمت میں ہر ماہ ایک روپے 34 پیسے تک اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مجوزہ اضافے کا اطلاق مسلسل تین ماہ تک ہوسکتا ہے، جس کے نتیجے میں صارفین کو بجلی کے بلوں میں اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑے گا۔

نیپرا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی درخواست پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔ اتھارٹی درخواست اور متعلقہ اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد حتمی فیصلہ جاری کرے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر مجوزہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی منظوری دے دی گئی تو بجلی صارفین پر مجموعی طور پر تقریباً 34 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑنے کا امکان ہے۔

حتمی اضافے اور اس کے اطلاق سے متعلق فیصلہ نیپرا کی جانب سے باضابطہ منظوری کے بعد سامنے آئے گا۔