چودہ اگست کو پریڈ گراؤنڈ میں شام پانچ بجے سے سب کیلئے داخلہ مفت

لائیو میوزک، مختلف ثقافتی پرفارمنسز، فیملی انٹرٹینمنٹ اور آتش بازی سمیت متعدد پروگرام شامل ہوں گے۔

August 13, 2026 · قومی

اسلام آباد: یومِ آزادی کے موقع پر وفاقی دارالحکومت میں شہریوں کے لیے بڑی اور رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ ڈی سی اسلام آباد کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق 14 اگست کو اولڈ پریڈ گراؤنڈ، ڈی چوک میں City Parade 2026 منعقد ہوگی۔

تقریب کا آغاز شام 5 بجے ہوگا، جس میں لائیو میوزک، مختلف ثقافتی پرفارمنسز، فیملی انٹرٹینمنٹ اور آتش بازی سمیت متعدد پروگرام شامل ہوں گے۔

سٹی پریڈ میں نمرہ مہرا، ساحر علی بگا اور خماریاں بینڈ اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے، جبکہ پولیس اسکواڈز، ڈانس گروپس، ڈھول اور پائپ بینڈز، کیمیل بینڈ، ونٹیج کاریں اور بچوں کے ماسکوٹس بھی تقریب کا حصہ ہوں گے۔

تقریب کے اختتام پر آتش بازی کا خصوصی شو بھی پیش کیا جائے گا، جس کے باعث یومِ آزادی کی تقریبات میں مزید جوش و خروش پیدا ہونے کی توقع ہے۔

انتظامیہ کے مطابق تقریب میں شہریوں کے لیے داخلہ مکمل طور پر مفت ہوگا۔ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کی جانب سے تقریب کا مرکزی موضوع ’’Unity in Diversity‘‘ رکھا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اہل خانہ اور دوستوں کے ہمراہ تقریب میں شرکت کریں اور قومی جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں۔