ربیع الاول کا چاند، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج ہوگا
اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
اسلام آباد: ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں چاند کی رویت سے متعلق شہادتوں اور ماہرین کی پیش کردہ معلومات کا جائزہ لیا جائے گا۔
اجلاس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔ اجلاس میں مرکزی کمیٹی کے ارکان کے علاوہ ملک کے مختلف علاقوں سے زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
وزارت سائنس و ٹیکنالوجی، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے حکام چاند کی رویت سے متعلق فلکیاتی حسابات اور تکنیکی معلومات بھی کمیٹی کے سامنے پیش کریں گے۔
ملک کے مختلف شہروں میں قائم زونل اور ضلعی رویت ہلال کمیٹیاں بھی اپنے اپنے اجلاس منعقد کرکے چاند کی رویت سے متعلق موصول ہونے والی شہادتیں مرکزی کمیٹی کو ارسال کریں گی۔
سپارکو کے فلکیاتی حسابات کے مطابق 13 اگست کو ربیع الاول کا چاند نظر آنے کے امکانات کم ہیں، جبکہ 14 اگست کو نئے چاند کی رویت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
اگر 14 اگست کو چاند نظر آنے کی تصدیق ہوگئی تو یکم ربیع الاول 1448 ہجری ہفتہ 15 اگست کو ہوگا، جبکہ 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست کو متوقع ہے۔ تاہم ربیع الاول کی حتمی تاریخ کا اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے چاند کی شہادتوں کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔
ربیع الاول اسلامی تقویم کا اہم مہینہ ہے۔ 12 ربیع الاول کے موقع پر ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جاتی ہے، جبکہ مساجد، گھروں اور مختلف مقامات پر محافلِ میلاد، نعت خوانی، قرآن خوانی اور درود و سلام کی محافل کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
علمائے کرام اس موقع پر سیرتِ طیبہ، نبی کریم ﷺ کی تعلیمات اور اسوۂ حسنہ کو اپنی زندگی میں اپنانے کی اہمیت پر زور دیتے ہیں۔