پاکستان اور ناروے کا اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعات کے پرامن حل پر اتفاق
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سے ملاقات،مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ
فائل فوٹو
اسلام آباد : پاکستان اور ناروے نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعات کے پر امن حل پر اتفاق کیا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایڈ سے ملاقات ہوئی جس دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں کو جلد حتمی شکل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
اس موقع پر پاکستان کی جانب سے ناروے کو بھارت کی جانب سےطاس معاہدے ، مسئلہ کشمیر اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی سے بھی آگاہ کیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ناروے کے وزیر خارجہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرکے پہلے سے کشیدہ صورتحال میں نئی جہت پیدا کی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت پانی کو ہتھیار بنانا بند کرے، بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔
نائب وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں نے دفاع، تجارت ،موسمیاتی تبدیلی، سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔
اس موقع پر ناروے کے وزیر خارجہ نے ایران امریکا تنازع میں وزیراعظم ،فیلڈ مارشل اور پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔
اس کے علاوہ ناروے کے وزیر خارجہ کی وفد کے ہمراہ جی ایچ کیو میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیرسے ملاقات ہوئی جہاں باہمی دلچسپی کےامور اورعلاقائی سلامتی پر بات چیت کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈمارشل عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کا مؤقف اجاگر کیا، مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کےلیے تعاون اورمشترکہ کوششوں کی اہمیت پرزور دیا۔
نارویجن وزیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات مزیدمضبوط بنانے، دفاع و سلامتی کےشعبوں میں تعاون کووسعت دینےکےعزم کااعادہ کیا، امن و استحکام کےفروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردارکو سراہا۔