لاہور: سی سی ڈی مقابلے میں مارے گئے قتل کے ملزم کے بھائی کی فائرنگ، 2 پولیس اہلکارجاں بحق
ملزم موقع سے فرار ہو گیا،ریحان بٹ نے مبینہ طور پر گھات لگا کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
فائل فوٹو
لاہور: بادامی باغ پیشے خان چوک کے قریب افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں پولیس مقابلے میں مارے جانے والے قتل کے ملزم فیضان بٹ کے بھائی ریحان بٹ نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق شہادت کا جام نوش کرنے والوں میں تھانہ لاری اڈہ کے سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملزم ریحان بٹ کا بھائی فیضان بٹ پولیس افسران کے قتل کے مقدمے میں ملوث تھا جو کچھ عرصہ قبل کرائم انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ مبینہ مقابلے میں مارا گیا تھا۔ اپنے بھائی کی ہلاکت کے بعد ریحان بٹ نے 2024ء میں پولیس کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی تھیں۔
جمعرات کے روز بادامی باغ پیشے خان چوک کے قریب ملزم ریحان بٹ نے مبینہ طور پر گھات لگا کر پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دونوں اہلکار شدید زخمی ہوئے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم ریحان بٹ کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور اسے جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔