گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 7 روز کے لیے مؤخر

نئے شیڈول میں انتخابی عمل سے متعلق تمام مراحل اور پولنگ کی نئی تاریخ واضح کردی جائے گی۔

August 15, 2026 · قومی

گلگت بلتستان میں بلدیاتی انتخابات کے انتخابی شیڈول کو مزید 7 روز کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن گلگت بلتستان کے مطابق حکومت کو لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2014 میں مجوزہ ترامیم مکمل کرنے کے لیے مزید ایک ہفتے کی مہلت دی گئی ہے۔ اس مدت کے دوران قانون میں مطلوبہ ترامیم کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ شیڈول مؤخر ہونے کے باعث انتخابی عمل کے وہ تمام مراحل جو متاثر ہوئے ہیں، ان کی نئی تاریخیں نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول میں شامل کی جائیں گی۔

27 ستمبر کو ہونے والی پولنگ بھی اب نئے شیڈول کے مطابق منعقد ہوگی۔ سات روز کی اضافی مدت مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن گلگت بلتستان نظرثانی شدہ انتخابی شیڈول جاری کرے گا۔

حکام کے مطابق نئے شیڈول میں انتخابی عمل سے متعلق تمام مراحل اور پولنگ کی نئی تاریخ واضح کردی جائے گی۔