جشنِ آزادی پر لاہور میں منچلوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن،ہزاروں موٹرسائیکلیں ضبط
خطرناک ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد مقدمات اور چالان بھی کیے گئے۔
جشنِ آزادی کے موقع پر لاہور میں ون ویلنگ، تیز رفتاری، خطرناک کرتب اور سڑکوں پر ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف پولیس نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی۔
حکام کے مطابق جشنِ آزادی کے دو روز کے دوران مختلف کارروائیوں میں 3 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کی گئیں، جبکہ خطرناک ڈرائیونگ اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر متعدد مقدمات اور چالان بھی کیے گئے۔
پولیس کے مطابق ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف مختلف تھانوں میں 5 مقدمات درج کیے گئے۔ تیز رفتاری، خطرناک کرتب اور سڑکیں بلاک کرنے والوں کے خلاف بھی 5 مقدمات کا اندراج ہوا۔
کار ڈرفٹنگ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر 666 چالان کیے گئے۔
حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر تین افراد سوار کرنے پر 614 چالان کیے گئے۔ اس کے علاوہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے 3 ہزار 351 افراد کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جشنِ آزادی کے دوران شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی گئیں۔