سی ڈی اے چیئرمین اور آئی جی اسلام آباد کی ‘وائسرے کی طرح’ آمد پر شدید تنقید
وائرل ویڈیو میں دونوں افسران کو سرخ چھتری والی گھوڑا گاڑی میں پریڈ گراؤنڈ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ گھوڑ سوار گارڈز بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
اسلام آباد میں یومِ آزادی کے موقع پر منعقدہ سٹی پریڈ کے دوران سی ڈی اے چیئرمین و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی کی گھوڑوں سے کھینچی جانے والی گاڑی میں آمد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
وائرل ویڈیو میں دونوں افسران کو سرخ چھتری والی گھوڑا گاڑی میں پریڈ گراؤنڈ میں داخل ہوتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ گھوڑ سوار گارڈز بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
افسران کی اس انداز میں آمد پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مختلف ردعمل سامنے آرہے ہیں۔ بعض صارفین نے اسے برطانوی دور کے وائسرائے کے طرزِ آمد سے تشبیہ دی اور اسے نوآبادیاتی انداز قرار دیا۔
ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تنقید کرتے ہوئے کہا گیا کہ افسران کی پریڈ گراؤنڈ میں آمد کا انداز ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے کوئی وائسرائے داخل ہورہا ہو۔
CDA Chairman entering parade ground like a fucking viceroy. Pakistan is still being ruled by East India Company. pic.twitter.com/syDpdDzV2l
— Suhaib (@SuhaibAyaz2) August 15, 2026
دوسری جانب کچھ افراد کا کہنا ہے کہ گھوڑا گاڑی اور گھڑ سوار گارڈز کا استعمال تقریب کے رسمی اور روایتی انتظامات کا حصہ ہوسکتا ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر یہ پریڈ ڈی چوک میں سی ڈی اے اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ کی جانب سے منعقد کی گئی تھی، جس میں مختلف سرکاری شخصیات اور شہریوں نے شرکت کی۔
افسران کی گھوڑا گاڑی میں آمد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر بحث جاری ہے اور صارفین اس انداز کو مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں۔