آزاد کشمیر میں حکومت سازی، مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس شروع
وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہیں۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب مسلم لیگ ن ارکان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
مری: مسلم لیگ ن کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس مری میں جاری ہے، جس میں آزاد کشمیر میں نئی حکومت کے قیام اور آئندہ سیاسی حکمت عملی پر غور کیا جارہا ہے۔
اجلاس کی صدارت مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کررہے ہیں، جبکہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک ہیں۔ آزاد کشمیر اسمبلی کے نومنتخب مسلم لیگ ن ارکان بھی اجلاس میں موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے نئے وزیراعظم کے لیے مختلف نام زیر غور ہیں۔ مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر کو وزارت عظمیٰ کے لیے مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے، جبکہ طارق فاروق، کرنل ریٹائرڈ وقار اور راجہ فاروق حیدر کے نام بھی زیر بحث ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر پارلیمانی پارٹی نے وزیراعظم کے انتخاب کا حتمی فیصلہ نواز شریف پر چھوڑ دیا ہے۔
دوسری جانب آزاد کشمیر میں مخصوص نشستوں کے لیے امیدواروں کے نام بھی مسلم لیگ ن کی قیادت کو بھجوائے گئے ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے ماریہ اقبال ترانہ، ناصرہ خان، مریم کشمیری، نثارہ عباسی اور سحرش قمر کے نام زیر غور ہیں۔
ٹیکنوکریٹ کی نشست کے لیے راجہ شاداب سکندر، علماء و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید جبکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی نشست کے لیے راجہ محمد جاوید کا نام متوقع امیدواروں میں شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق مخصوص نشستوں کے امیدواروں کے ناموں کی حتمی منظوری بھی مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سے دی جائے گی۔ اجلاس میں آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے دیگر معاملات اور سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت جاری ہے۔