پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں 17 اگست تک برقرار رکھنےکا فیصلہ
یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل کے باعث اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے حوالے سے نیا جائزہ جاری نہیں ہوسکا،
اسلام آباد: حکومت نے آئندہ تین روز کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قیمتیں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 17 اگست تک کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی، جبکہ قیمتوں کا نیا جائزہ لینے کے بعد 18 اگست سے نئی قیمتوں کا اطلاق کیا جائے گا۔
ترجمان پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ یومِ آزادی کی سرکاری تعطیل کے باعث اوگرا کی جانب سے قیمتوں کے حوالے سے نیا جائزہ جاری نہیں ہوسکا، جس کے نتیجے میں ویک اینڈ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کے نرخ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق پیر کے روز عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں، ملکی معاشی صورتحال اور دیگر متعلقہ عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق 18 اگست سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے اور ضرورت کے مطابق نرخوں میں ردوبدل کا نظام نافذ ہوگا۔
اس وقت ملک میں پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 325 روپے 43 پیسے جبکہ ڈیزل 383 روپے 95 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہے۔