آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی کامیابی،مریم نواز کا اہم پیغام
انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ن کے جلسوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، جبکہ عوام نے وفاق اور پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی مدنظر رکھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ ن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے بدامنی اور احتجاج کی سیاست کو مسترد کردیا اور ترقی کا راستہ منتخب کیا ہے۔
مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کشمیری عوام نے مشکل حالات کے باوجود اپنے مستقبل اور خطے کی ترقی کے حق میں فیصلہ دیا۔ ان کے مطابق عوام نے دنگا فساد، خون خرابے، ہڑتالوں اور احتجاج کی سیاست کو ووٹ کے ذریعے رد کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو عناصر پاکستان اور آزاد کشمیر کے درمیان اختلافات پیدا کرنا چاہتے تھے، انہیں انتخابی نتائج سے واضح پیغام ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ ن کے جلسوں میں پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے گئے، جبکہ عوام نے وفاق اور پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں کو بھی مدنظر رکھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے لیے انتخابات اصل امتحان نہیں بلکہ اب حکومت سازی کے بعد عملی کام کا مرحلہ شروع ہوگا۔ ان کے مطابق نئی حکومت کو حلف اٹھاتے ہی عوامی مسائل کے حل اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دینا ہوگی۔
انہوں نے آزاد کشمیر حکومت کو مشورہ دیا کہ دستیاب بجٹ کو فوری طور پر عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے تاکہ شہریوں کو ابتدائی دنوں ہی میں ریلیف مل سکے۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومتی وقت پروٹوکول، غیر ضروری ملاقاتوں اور تقریبات میں ضائع کرنے کے بجائے عوامی خدمت کے لیے استعمال ہونا چاہیے۔
مریم نواز نے مسلم لیگ ن کے ماضی کے انتخابی نتائج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ 2021 میں بھی آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن نے متعدد نشستیں حاصل کی تھیں، تاہم ان کے بقول اس وقت انتخابی نتائج تبدیل کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں مسلم لیگ ن نے اپنی سیاسی حیثیت دوبارہ حاصل کی ہے اور عوام نے جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابی نتائج پر اٹھائے گئے اعتراضات پر بھی تنقید کی اور کہا کہ جہاں سیاسی جماعتیں کامیاب ہوتی ہیں وہاں انتخابی عمل پر اعتراض نہیں کیا جاتا، جبکہ شکست کی صورت میں دھاندلی کے الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ آزاد کشمیر سیاحت اور قدرتی وسائل کے حوالے سے وسیع امکانات رکھتا ہے۔ ان کے مطابق خطے کے اپنے وسائل کو بہتر انداز میں استعمال کرکے اسے مزید ترقی دی جاسکتی ہے، جبکہ وفاقی وسائل کے ساتھ ساتھ مقامی آمدن میں اضافے پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے مسلم لیگ ن کے منتخب نمائندوں پر زور دیا کہ وہ عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لیے فوری طور پر عملی اقدامات شروع کریں اور ترقیاتی عمل میں کسی قسم کی تاخیر سے گریز کریں۔