باغ وسطی میں پیپلز پارٹی کا بڑا اپ سیٹ،ضیاء القمر نے مشتاق منہاس کو ہرا دیا
سردار ضیاء القمر نے 17 ہزار 121 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق احمد منہاس 15 ہزار 295 ووٹ لے سکے۔
آزاد کشمیر کے حلقہ ایل اے 15 باغ وسطی میں ری پولنگ کے نتائج سامنے آگئے، پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سردار ضیاء القمر نے مسلم لیگ ن کے امیدوار مشتاق احمد منہاس کو شکست دے کر نشست اپنے نام کرلی۔
باغ وسطی کے 9 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد جاری نتائج کے مطابق سردار ضیاء القمر نے 17 ہزار 121 ووٹ حاصل کیے، جبکہ مسلم لیگ ن کے مشتاق احمد منہاس 15 ہزار 295 ووٹ لے سکے۔
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ وسطی اور باغ شرقی کے بعض پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کرائی گئی۔ دونوں حلقوں کے نتائج کے بعد ایک نشست پاکستان پیپلز پارٹی جبکہ دوسری مسلم لیگ ن کے حصے میں آئی۔
مشتاق احمد منہاس اس سے قبل آزاد کشمیر کی پہلی مسلم لیگ ن حکومت میں وزیر اطلاعات کی ذمہ داریاں انجام دے چکے ہیں۔ گزشتہ انتخابات میں بھی انہیں پی ٹی آئی کے امیدوار کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جبکہ حالیہ انتخابی مرحلے میں پیپلز پارٹی کے ضیاء القمر نے انہیں مات دے دی۔
سردار ضیاء القمر نے 2023 کے باغ ضمنی انتخاب میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کی حیثیت سے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے یہ نشست اپنے والد سردار قمر الزماں کی جانب سے خالی کیے جانے کے بعد جیتی تھی۔
دوسری جانب سردار قمر الزماں حالیہ انتخابات میں باغ شرقی کی نشست پر مسلم لیگ ن کے امیدوار سے شکست کھا گئے۔ وہ 1990 کے بعد سے باغ سے آٹھ مرتبہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہوچکے ہیں۔
باغ وسطی کے ری پولنگ نتائج نے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال میں پیپلز پارٹی کی پوزیشن مزید نمایاں کردی ہے۔